ایران کی امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو وارننگ: اسرائیل پر حملے روکنے کی کوشش کی تو فوجی اڈے اور بحری جہاز نشانہ بنیں گے

ایران. ایران نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر انہوں نے ایران کے اسرائیل پر جاری حملوں کو روکنے کی کوشش کی، تو خطے میں موجود ان کے فوجی اڈے اور بحری جہاز براہ راست نشانہ بنیں گے۔ یہ وارننگ ایرانی سرکاری میڈیا نے ہفتے کے روز جاری کی۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے تہران میں ایک رہائشی کمپلیکس پر کیے گئے حملے میں کم از کم 60 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔ مغربی ایران کے علاقے اسدآباد میں ایک میزائل سائٹ پر اسرائیلی حملے میں بھی دو افراد ہلاک ہوئے۔

مہر نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے شمال مغربی شہر تبریز کے قریب واقع آئل ریفائنری پر حملہ کیا، جس کے بعد وہاں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

نیم سرکاری تسنیم نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حملوں میں ایران کے تین جوہری سائنسدان ہلاک ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے سائنسدانوں کی شناخت علی بقائی کریمی، منصور عسگری اور سعید برجِی کے طور پر کی گئی ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی فارس نے اعلیٰ فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے اسرائیل کے خلاف حملے جاری رہیں گے اور آئندہ دنوں میں ان حملوں کا دائرہ امریکی اڈوں تک پھیلایا جائے گا۔

فارس نیوز کے مطابق:
“یہ محاذ آرائی گزشتہ رات کے محدود ردعمل پر ختم نہیں ہو گی۔ ایران کے حملے جاری رہیں گے، اور یہ کارروائیاں حملہ آوروں کے لیے انتہائی تکلیف دہ اور پچھتاوے کا باعث بنیں گی۔”

اعلیٰ فوجی حکام نے مزید کہا کہ جنگ آنے والے دنوں میں اسرائیلی زیر قبضہ تمام علاقوں اور امریکی اڈوں تک پھیل سکتی ہے۔