برمنگھم.ایڈم محمود، عمر 20 سال، پلاٹ بروک وے، شیلیڈن کا رہائشی، اپریل 2024 میں اپنے گھر سے گرفتار ہوا تھا۔ اسے شدت پسند دہشت گردی کا مواد پھیلانے کے الزام میں پکڑا گیا اور اس کا فون قبضے میں لے لیا گیا۔
فون کی جانچ پڑتال کے بعد ایک 15 منٹ کی ویڈیو ملی جس میں دھماکہ خیز مواد بنانے کا طریقہ بتایا گیا تھا۔ برمنگھم کراؤن کورٹ میں جیوری کو بتایا گیا کہ محمود نے خاص طور پر اس ویڈیو کو تلاش کیا تھا۔ اس کے فون سے دیگر پراپیگنڈہ مواد بھی ملا جن میں پھانسیوں کی ویڈیوز شامل تھیں۔
مزید پیغامات ملے جن میں تلوار بنانے کی بات چیت کی گئی تھی؛ اس کے گھر سے ایک ادھ بنی ہوئی تلوار بھی ملی۔ جب اس کے کمرے کی تلاشی لی گئی تو متعدد ہتھیار برآمد ہوئے جن میں کئی چاقو شامل تھے۔
پولیس انٹرویو میں محمود نے تسلیم کیا کہ آن لائن پوسٹس اس نے ہی لکھی تھیں اور گھر سے ملنے والے ہتھیار بھی اسی کے تھے، لیکن اس نے دہشت گرد ہونے سے انکار کیا۔
انسداد دہشت گردی پولیس ویسٹ مڈلینڈز کی سربراہ، ڈٹیکٹو چیف سپرنٹنڈنٹ ایلیسن ہرٹ نے کہا:
“محمود کے فون سے ملنے والی ویڈیوز خطرناک تھیں اور ان میں انتہا درجے کا تشدد دکھایا گیا تھا۔
ماہرین نے اس ہدایت نامہ ویڈیو کا جائزہ لیا اور بتایا کہ یہ اتنی آسان تھی کہ کوئی بھی شخص جسے دھماکہ خیز مواد بنانے کی پہلے سے کوئی تربیت نہ ہو، اسے سمجھ سکتا تھا۔ اسی وجہ سے یہ ویڈیو غلط ہاتھوں میں جانا انتہائی خطرناک تھا۔”