برمنگھم کے اسکول میں 15 سالہ لڑکے پر چاقوحملہ کے بعد، چھ نوعمر گرفتار کر لیے گئے

برمنگھم کے موزلی اسکول میں 15 سالہ لڑکے پر چاقو کے وار کے بعد چھ نوعمر لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر دو بجے سے کچھ پہلے اسکول کے احاطے میں، ویک گرین روڈ پر پیش آیا۔

متاثرہ لڑکے کی کمر پر دو زخم آئے، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ 13 اور 14 سال کے چھ لڑکوں کو زخمی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے اور وہ اس وقت زیر حراست ہیں۔ پولیس اسکول کے ساتھ مل کر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے اور عینی شاہدین کے بیانات اکٹھے کر رہی ہے۔

برمنگھم سی آئی ڈی کی ڈیٹیکٹیو سارجنٹ شیرین بالینٹائن نے اس واقعے کو ’’انتہائی خوفناک حملہ‘‘ قرار دیا جس نے ایک نوعمر لڑکے کو شدید زخمی کر دیا ہے اور اسکول کے دیگر طلبہ کو بھی شدید صدمے سے دوچار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’’ہم اسکول کے ساتھ مل کر اس واقعے کی مکمل تصویر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ کیوں پیش آیا، لیکن یہ بھی انتہائی اہم ہے کہ جس کے پاس بھی کوئی معلومات یا فوٹیج ہو، وہ ہم سے رابطہ کرے۔‘‘

پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی معلومات ہیں تو وہ آگے آئیں، کیونکہ علاقے میں اضافی گشت بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کمیونٹی کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔

اگر کسی نے اس واقعے کو دیکھا ہے یا اس کے پاس کوئی معلومات ہیں جو تحقیقات میں مددگار ہو سکتی ہیں تو وہ برمنگھم سی آئی ڈی سے رابطہ کریں۔